info@crcpk.org +92 306 0025592
Karachi, Pakistan
Biblical Studies

انسانیتِ یسوع مسیح مصالحتِ نوعِ بشر اور نجات عامّہ کی ناقابلِ تنسیخ ضمانت ہے

انسانیتِ یسوع مسیح مصالحتِ نوعِ بشر اور نجات عامّہ کی ناقابلِ تنسیخ ضمانت ہے۔ اقنوم ثانی تجسم اختیار فرما کر بشر بنا — «اور کلام مُجّسم ہُؤا اور فضل اور سچائی سے معمور ہو کر ہمارے درمیان رہا، اور ہم نے اُس کا ایسا جلال دیکھا جیسا باپ کے اِکلوتے کا جلال» (انجیل بمطابق یوحنا، 1 : 14) یہ تجسّد اس امر کا مظہر ہے کہ محبتِ خداوندی خود انسان کی سرحدوں میں داخل ہوئی تاکہ بشریت کو اپنی آغوشِ رحمت میں سمیٹ کر دلِ آدم کو رفاقتِ اِلٰہیہ کے حلقۂ صَفا میں داخل کریں اسی لیے رسولِ اعظم اعلان کرتا ہے کہ «سب چیزیں خدا کی طرف سے ہیں، جس نے مسیح کے وسیلہ سے ہمارا اپنے ساتھ میل ملاپ کر لیا… خدا نے مسیح میں ہو کر دنیا کا اپنے ساتھ میل ملاپ کر لیا» (۲ کُرنتھیوں، 5 : 18-19) اور پولُس مزید تصدیق کرتا ہے: «جب باوجود دشمن ہونے کے خدا سے اُس کے بیٹے کی موت کے وسیلہ سے ہمارا میل ہو گیا، تو میل ہونے کے بعد ہم اُس کی زندگی کے سبب سے ضرور ہی بچیں گے» (رومیوں، 5 : 10) یوں انسانیتِ مسیح نہ صرف تجسم اِلٰہی ہے بلکہ وہ وہی کامل انسان بھی ہے جس میں عملِ مصالحت پوری انسانیت کے لیے بالفعل وقوع پذیر ہوا۔ یہ عمل بامِ کمال صلیب پر پہنچا، جہاں «باپ کو یہ پسند آیا کہ ساری معموری اُسی (مسیح) میں سکونت کرے، اور اُس کے خون کے سبب سے جو صلیب پر بہا صلح کر کے سب چیزوں کا اُسی کے وسیلہ سے اپنے ساتھ میل کر لے» (کُلسیوں، 1 : 19-20) تاہم اس مصالحت کی مہرِ ابدی قیامت پر ثبت ہوئی، چنانچہ رسول کہتا ہے: «لیکن فی الواقع مسیح مردوں میں سے جی اُٹھا ہے اور جو سو گئے ہیں اُن میں پہلا پھل ہوا۔ کیونکہ جب آدمی کے سبب سے موت آئی تو آدمی ہی کے سبب سے مردوں کی قیامت بھی آئی، اور جیسے آدم میں سب مرتے ہیں ویسے ہی مسیح میں سب زندہ کئے جائیں گے» (۱ کُرنتھیوں، 15 : 20-22) پس قیامت یافتہ انسانیتِ یسوعِ مسیح ہی وہ ابدی عہد ہے جو مصالحت و نجات نوعِ آدم کی قطعی اور دائمی ضمانت بن کر قائم ہے۔ ڈاکٹر پادری تھامس سعید

Share this article:
Older Post مناظرہ: صداقت کی پاسبانی یا اختلاف کا بازار؟ Newer Post اگر تثلیث کے تین اقانیم (باپ، بیٹا، روح القدس) برابر و ازلی ہیں تو پھر کیوں ہم ان کو ایک دوسرے کے نام سے موسوم نہیں کرتے؟ اگر بیٹا، باپ کے برابر ہے تو کیوں بیٹے کو "باپ" یا "روح القدس" کہنا درست نہیں؟